تھرواننتاپورم 28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج کیرالا کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرہ افراد سے بات چیت کی اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔ کیرالا میں حالیہ چند دن کے دوران بارش و سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے تھے۔ راہول گاندھی آج صبح ہی برطانیہ سے واپس پہونچے جس کے فوری بعد اُنھوں نے کیرالا کے چنگانور اور الاپوزہا میں ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔ بعدازاں اُنھوں نے ضلع ارناکلم کے چند ریلیف کیمپوں کا معائنہ بھی کیا۔ راہول گاندھی اپنے دو روزہ دورہ کیرالا کے دوران کل وایاناڈ اور کوزی کوڈ بھی جائیں گے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور تھرواننتاپورم کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے ٹوئیٹ کیاکہ ’’کانگریس کے صدر راہول گاندھی آج صبح تھرواننتاپورم سے وسطی کیرالا کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ پر روانہ ہوئے۔ ان کے دو روزہ دورہ میں دو ہفتوں کے دوران سیلاب سے بدترین متاثرہ علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا‘‘۔ کانگریس کے صدر چنگنور میں کرسچن کالج اور ایک انجینئرنگ کالج میں واقع ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور وہاں مقیم افراد سے بات چیت کی۔ کیرالا اسمبلی میں قائد اپوزیشن رمیش چنیتھلہ اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ایم ایم حسن بھی ان کیمپوں کے دورہ کے موقع پر راہول گاندھی کے ساتھ تھے۔