امیٹھی کے کسانوں کا خیال کرنے کا مشورہ ، ٹی آر ایس ایم پی بی سمن کا ردعمل
حیدرآباد۔/14مئی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے کسانوں کے مسائل پر نائب صدر کانگریس پارٹی راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے کہا کہ ریتو بھروسہ یاترا کے نام پر راہول گاندھی کا یہ دورہ سیاسی مقاصد پر مبنی ہے۔ تلنگانہ میں عوام نے کانگریس پارٹی کو مسترد کردیا لہذا راہول گاندھی کے دورہ کے ذریعہ کانگریس پارٹی کے احیاء کی کوشش کی جارہی ہے۔ سمن نے راہول گاندھی کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کے کسانوں کی فکر کرنے کے بجائے اپنے حلقہ انتخاب امیتھی کے کسانوں کا خیال کریں۔ انہوں نے کہا کہ امیتھی جو کئی برسوں سے کانگریس خاندان کا انتخابی حلقہ ہے وہاں کسان کئی مشکلات کا شکار ہیں اور راہول گاندھی کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ اپنے حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سابق یو پی اے حکومت کی پالیسیوں کے نتیجہ میں کسان مسائل کا شکار ہیں۔ کانگریس نے اپنے دور اقتدار میں کبھی بھی کسانوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں کانگریس نے کسانوں کے مسائل کو یکسر نظرانداز کردیا تھا جس کے باعث کسانوں کی خودکشی کے واقعات پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بدحالی کے لئے جو پارٹی ذمہ دار ہے اس کے نائب صدر کسانوں کے حق میں مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں نے جب کبھی اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کی تو کانگریس نے ان پر پولیس کے ذریعہ نہ صرف ظلم کیا بلکہ کسانوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں برقی سربراہی اور بقایا جات کی معافی کا مطالبہ کرنے والے کسانوں پر پولیس فائرنگ کی مثالیں موجود ہیں۔ انہوں نے راہول گاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ کے کسانوں سے اظہار ہمدردی سے قبل کانگریس دور حکومت کی ناکامیوں پر وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کسانوں کی بھلائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ کے سی آر نے کسانوں کے حق میں جو اعلانات اور وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو فصلوں کی تباہی پر امداد اور خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کئی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مستقل طور پر خشک سالی سے بچانے کیلئے نئے آبپاشی پراجکٹس کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدیم تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ کے ذریعہ خشک سالی سے حفاظت کو یقینی بنانے مشن کاکتیہ پروگرام شروع کیا گیا۔ رکن پارلیمنٹ سمن نے کہا کہ زرعی شعبہ کو موثر برقی کی سربراہی ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے اور آئندہ سال سے کسانوں کو 9 گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے تلنگانہ دورہ سے کانگریس کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ عوام اور کسان اچھی طرح جانتے ہیں کہ چندر شیکھر راؤ حکومت ہی حقیقی معنوں میں ان کی فلاح و بہبود کی ضامن ہے۔