متاثرہ کسانوں سے ملاقات کو ترجیح ، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو ہدایت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے تلنگانہ میں دورے کے دوران خصوصی طیارہ یا ہیلی کاپٹر کا انتظام نہ کرنے اور نہ ہی گیسٹ ہاوز میں ٹھہرانے کے علاوہ ہائی ٹیک پکوان نہ کرنے کا تلنگانہ کانگریس کمیٹی کو ہدایت دی ہے ۔ واضح رہے کہ 19 اپریل کو دہلی میں کسان ریالی منظم کرنے کے بعد سارے ملک میں کسان بھروسہ ریالی منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پنجاب میں کسانوں سے ملاقات کرنے کے بعد لوک سبھا میں ان کے مسائل کو موضوع بحث بنایا پھر ودربھا کا دورہ کیا ۔ تلنگانہ میں 10 اور 11 مئی کو راہول گاندھی دورہ کریں گے ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ راہول گاندھی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان کے دورے کے لیے سیدھا روڈ میاپ تیار کریں ، زیادہ سے زیادہ کسانوں سے ملاقات کو یقینی بنائیں ۔ ان کے لیے خصوصی طیارہ یا ہیلی کاپٹر کا کوئی انتظام نہ کریں اور نہ ہی گاڑیوں کے قافلے کو تیار رکھیں ۔ وہ جہاں تک ہوسکے پیدل چلتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کریں گے ۔ ان کے فصلوں کے نقصانات کا جائزہ لیں گے اور خود کشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کریں گے ساتھ ہی ان کے شب بسری کے لیے کوئی گیسٹ ہاوز کا انتظام نہ کریں اور طعام کے لیے خصوصی پکوان کا بھی اہتمام نہ کریں وہ اپنے دو دن کے پروگرام کے دوران روزانہ 15 تا 25 کیلو میٹر پیدل چلتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کریں گے اور کسی غریب کسان کے مکان میں شب بسری کو ترجیح دیں گے ۔ راہول گاندھی کی ہدایت وصول ہونے کے بعد سکریٹری انچارج اے آئی سی سی تلنگانہ امور ڈاکٹر کمنشیا نے شہر میں دستیاب کانگریس کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا اور راہول گاندھی کے پروگرام کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا ۔ ہر اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے 200 ورکرس کو راہول گاندھی کی پدیاترا میں شریک ہونے کی اجازت دینے اور ان کے لیے شناختی کارڈ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ کانگریس کے قائدین کو کانگریس کا کھنڈوا اور ٹوپی پہن کر آنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ راہول گاندھی نرمل ٹاون ضلع عادل آباد میں شب بسری کرسکتے ہیں ۔ راہول گاندھی کی ٹیم اور ایس پی جی گارڈس بہت پہلے پہونچکر راہول گاندھی کے پروگرامس کا جائزہ لیں گے ۔۔