سومناتھ۔ 23دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس صدر راہول گاندھی نے گجرات اسمبلی کی انتخابی مہم کے دوران سومناتھ مندر میں ان کے درشن کے سلسلے میں پیدا تنازعہ کے بعد آج ایک مرتبہ پھر اس مشہور مندر میں پوجا کی۔پچھلی مرتبہ 29نومبرکو جب وہ کانگریس کے نائب صدر کے طورپر اس مندر میں آئے تھے تو ان کانام مندر کے سیکورٹی محکمہ کے غیر ہند رجسٹر میں درج ہونے پر کافی تنازعہ ہوا تھا۔ کانگریس نے اسے مندر ٹرسٹ پر دبدبہ رکھنے والی بی جے پی کی سازش قرار دیتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ مسٹر راہل جنیو دھاری ہندو ہیں۔ مندر کے ذمہ داروں نے آج یواین آئی کو بتایا کہ کانگریس رہنما کا نام آج غیر ہندو رجسٹرمیں درج نہیں کیا گیا۔ راہل نے آج وزیٹرس رجسٹر میں کوئی ریمارک بھی نہیں لکھا۔ انہوں نے مندر میں پوجا کی ۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر بھرت سولنکی اور ریاستی امور کے انچارج اشوک گہلوٹ بھی موجود تھے ۔مسٹر گاندھی بعد میں احمدآباد پہونچے جہاں وہ انتخابات کے نتائج کا جائزہ لینے کے لئے کئی میٹنگوں میں حصہ لیں گے اور کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے ۔
بی جے پی کو فلم کی فرنچائزی ملے تو نام ہوگا’لائی ہارڈ:راہول
نئی دہلی۔23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے 2G اسپیکٹرم اور آدرش سوسائٹی گھوٹالہ معاملے میں عدالت کے فیصلے پر بی جے پی پر طنز کیا ہے ۔مسٹر گاندھی نے آج گرات روانہ ہونے سے پہلے ایک ٹویٹ میں ہالی ووڈ کی فلم ‘ڈائی ہارڈ’کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی کو فلم کی فرنچائزی ملے تو اس کا نام ہوگا’لائی ہارڈ’ کیونکہ بی جے پی ہمیشہ جھوٹ بولتی ہے ۔اس نے نہ جانے کتنے سارے جھوٹ بولے ہیں۔کانگریس کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد کل پارٹی کی سپریم پالیسی ساز یونٹ ورکنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا تھا کہ یو پی اے حکومت کے خلاف 2G موضوع کو ایک بڑا ہتھیار بنایا گیا اور اس کی اصلیت عدالت کے فیصلے کے بعد سامنے آگئی ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی ماڈل یہ ہے کہ جھوٹ بولتے رہو اور اسے تب تک دہراتے رہوجب تک اس پر لوگ یقین نہ کرلیں،لیکن اب لوگ ان سے سوال پوچھنے لگے ہیں اور یہ کانگریس کے لئے بہت مثبت ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترقی پسند اتحادی حکومت کو بدنام کرنے کے لئے 2جی گھوٹالے کا جھوٹا جال بنا گیا جس کی عدالت کے فیصلے سے قلعی کھل گئی اور اس کے لئے وزیراعظم کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے ۔