کانگریس نائب صدر کو کسانوں کے مسائل کا علم نہیں: امیت شاہ
گاندھی دھام ( گجرات ) 4 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے گجرات اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران کسانوں کی حالت زار پر تبصروں کیلئے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور یہ دعوی کیا کہ کانگریس نائب صدر در اصل کچھ این جی اوز کی پرچیوں پر اکتفا کر رہے ہیں تاکہ کسانوں کے مسائل پر بات کرسکیں۔ امیت شاہ نے کانگریس پارٹی پر گجرات کے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور اس کو چیلنج کیا کہ وہ ترقی کے مسئلہ پر ریاست میں انتخابات میں مقابلہ کرے ۔ اسے ذات پات کے مسائل چھیڑنے سے گریز کرنا چاہئے ۔ بی جے پی صدر نے دعوی کیا کہ بی جے پی اقتدار میں کسانوں کی حالت میں سدھار آیا ہے اور گجرات کے 25 لاکھ نوجوانوں کو مرکز کی مدرا اسکیم کے تحت روزگار حاصل ہوا ہے ۔ امیت شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی ساری ریاست میں گھوم کر کسانوں کی حالت پر بات کر رہے ہیں۔ یہ تبصرے در اصل کچھ این جی اوز کی پرچیوں پر لکھے ہیں۔ راہول گاندھی نہیں جانتے کہ بی جے پی حکومت نے وہ کامیابیاں حاصل کرلی ہیں جو کانگریس حکومتیں حاصل نہیں کرسکیں۔ امیت شاہ گجرات کے چھ روزہ دورہ پر ہیں اور اس دوران وہ مختلف اضلاع کے پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کرینگے ۔