اننت پور ۔ 2 ۔ فروری : ( این ایس ایس) : کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج ضلع اننت پور میں بنڈلہ پلی کا دورہ کیا جہاں 10 سال قبل سابق یو پی اے حکومت کے دوران باوقار نیشنل ایمپلائمنٹ گیارنٹی اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا ۔ بنڈلہ پلی کے دورہ کے دوران راہول گاندھی نے گاؤں والوں سے بات چیت کی اور اس اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کی درخواستیں قبول کیں ۔ بعد ازاں انہوں نے مزدوروں کے ساتھ لنچ کیا ۔ کانگریس کے قائد نے گاؤں والوں کو بتایا کہ مرکزی حکومت کس طرح اس اسکیم کو نظر انداز کررہی ہے ۔ جس سے دیہی علاقوں میں کام فراہم کیا گیا ۔ قبل ازیں راہول گاندھی نے اس گاوں میں میونسپل ہائی اسکول میں مجسمہ گاندھی کی گلپوشی کی ۔ یو پی اے حکومت نے 2006 میں اس گاوں میں نیشنل ایمپلائمنٹ گیارنٹی اسکیم کا افتتاح کیا تھا ۔ راہول گاندھی ، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ساتھ دہلی سے اننت پور میں پٹاپرتی ایرپورٹ پہنچے ۔ بعد میں سابق وزیر اعظم پٹاپرتی سائی بابا کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پٹاپرتی روانہ ہوئے اور بعد میں بنڈلہ پلی پہنچے ۔۔