راہول گاندھی کا آج انتخابی دورہ تلنگانہ

محبوب نگر اور نظام آباد میں عام جلسوں سے خطاب ،جمعہ کو ورنگل اور حیدرآباد میں پروگرام

حیدرآباد 20 اپریل ( این ایس ایس ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی 21 اور 25 اپریل کو اضلاع تلنگانہ کا طوفانی انتخابی دورہ کریں گے ۔ توقع ہیکہ وہ دو دنوں کے دوران کم سے کم چار اضلاع میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں گے ۔ تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے راہول کے دورہ کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پونالکشمیا نے کہا کہ راہول گاندھی 21 اپریل کو محبوب نگر کا دورہ کریں گے اور دوپہر 2 بجے ایم وی ایس ڈگری کالج گراونڈس پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے بعدازاں وہ ضلع نظام آباد کے بچ پلی روانہ ہوں گے جہاں چار بجے شام جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ راہول گاندھی 25 اپریل کو ورنگل میں کانگریس کے جلسہ سے خطاب کریں گے اور واپسی کے بعد حیدرآباد میں روڈ شوز میں حصہ لیں گے ۔علاہ ازیں لال بہادر اسٹیڈیم پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔