حکومت تلنگانہ تنقید کا نشانہ ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر ملک سے غداری کا مقدمہ درج کرنے پر سخت اعتراض کیا ۔ ملک کے لیے زندگیاں قربان کرنے والے خاندان کے سپوت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جس وکیل نے ایف آئی آر درج کرایا ہے وہ ملک کے غداری قانون سے واقف نہیں ہیں ۔ وکیل ناگیندر ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ میں اے جی پی ہیں اور ان کا تعلق اے بی وی پی سے ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے اے بی وی پی سے تعلق رکھنے والے وکیل کو اسسٹنٹ گورنمنٹ پلیڈر بنایا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے اس وکیل کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی ہے یا پھر وہ کس بنیاد پر مقدمہ درج کیے ہیں ۔ کانگریس بالخصوص راہول گاندھی کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ کس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اس کا بھی علم نہیں ہے ۔ طلبہ سے ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف راہول گاندھی یونیورسٹیز پہونچکر طلبہ سے ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں جو بی جے پی کو کھٹک رہا ہے ۔ آر ایس ایس نظریات کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی ان مقدمات سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے ۔ جہاں بھی طلبہ سے نانصافی ہوگی راہول گاندھی اور کانگریس پارٹی آواز اٹھائے گی ۔ ملک کی جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کرنے والے خاندان سے راہول گاندھی کا تعلق ہے ۔ کانگریس پارٹی نے کبھی دہشت گردی یا دہشت گردوں کی تائید نہیں کی ہے ۔ یاد رہے کہ کانگریس کے دور حکومت میں ہی افضل گرو کی پھانسی پر عمل آوری ہوئی تھی ۔ جدوجہد آزادی سے کوسوں دور رہنے والی بی جے پی اور اے بی وی پی آج ملک سے محبت کا جھوٹا ناٹک کررہے ہیں ۔ ملک کو انگریزوں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے آر ایس ایس ، بی جے پی اور اس کی محاذی تنظیموں نے کوئی رول ادا نہیں کیا ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عوامی مسائل کو کانگریس پارٹی اسمبلی میں موضوع بحث بنائے گی ۔ کانگریس ارکان اسمبلی کے ٹی آر ایس سے رابطے میں رہنے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کانگریس کا رکن اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل نہیں ہورہا ہے ۔ ٹی آر ایس ذہنی کھیل کھیلتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔۔