امیتھی (یو پی)۔ /25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی صدر کانگریس بننے میں خاندانی سیاست کی وجہ سے کامیاب ہوگئے لیکن وہ وزیراعظم بننے میں کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریا نے آج صدر کانگریس پر ان کے انتخابی حلقے میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس وزیراعظم نریندر مودی کو ملک گیر سطح پر بدنام کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور نہرو گاندھی خاندان امیتھی کے عوام کو گزشتہ 60 سال سے جھوٹ بولتے ہوئے بے وقوف بنارہا ہے ۔ ان کے انتخابی حلقے کے عوام اب بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔ انہیں راہول گاندھی کو 2019 ء کے عام انتخابات میں خدا حافظ کہنے کیلئے تیار رہنا چاہئیے ۔ وہ 118 کروڑ روپئے امیتھی کیلئے اسکیموں کا افتتاح کرنے کے بعد حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔