راہول گاندھی نے لکھنو میں تمام مذاہب کے اہم مقامات کا دورہ کیا

لکھنو 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تمام مذاہب کے مساوات کے مذہب کا اعادہ کرتے ہوئے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے آج تمام مذاہب کیلئے اہمیت کے حامل مقامات کا دورہ کیا اور انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر کسانوں کے مسائل کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔ راہول گاندھی اپنے دیوریا تا دلی کسان یاترا کے سلسلہ میں لکھنو پہونچے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کسانوں کے مسائل کا تذکرہ کیا ۔ وہ کیتھیڈرل چرچ گئے ‘ رائے داس مندر کا دورہ کیا اور انہوں نے دینی مدرسہ الندوہ کا بھی دورہ کیا ۔ یہاں وہ گردوارہ بھی گئے ۔ راہول گاندھی نے ندوہ کے ناظم و صدر کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ سے بھی ملاقات کی اور کیتھیڈرل میں بھی دعا میں حصہ لیا ۔ راہول گاندھی نے یہاں مدرسہ کے طلبا کے ساتھ بات چیت بھی کی ۔ انہوں نے اترپردیش اسمبلی انتخابات سے قبل اپنی یاترا کے ضمن میں یہاں ایک روڈ شو میں بھی حصہ لیا ۔ راہول گاندھی ایک بس کی چھت پر سوار تھے ۔ ان کے ساتھ پارٹی کے ریاستی صدر راج ببر ‘ کانگریس کی وزارت اعلی امیدوار شیلا ڈکشت بھی تھیں۔ راہول گاندھی نے لکھنو میں شیعہ قائدین کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی ۔ کانگریس کے نعرہ بازی کرتے ہوئے حامیوں نے راہول گاندھی کا استقبال کیا ۔ انہوں نے حکومت پر کسانوں کے مسائل کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا اور وعدہ کیا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کے قرضہ جات معاف کردے گی ۔