حیدرآباد ۔ 30 جولائی (ایجنسیز) کیا آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نائب صدر راہول گاندھی تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور ملنا ساگر پراجکٹ کے باعث بیدخل ہونے والے کسانوںکی جانب سے ان کی اراضیات کیلئے قانون حصول اراضی 2013ء کے مطابق معاوضہ دینے کیلئے کئے جارہے مطالبہ کی تائیدو حمایت میں کانگریس پارٹی کی لڑائی میں شامل ہوں گے؟ کانگریس پارٹی کے ذرائع نے کہا کہ ہاں۔ جس طرح انہوں نے یونیورسٹی آف حیدرآباد کا دلت اسکالر روہت ویمولہ کی خودکشی پر احتجاج کے دوران دورہ کیا تھا۔ اسی طرح راہول گاندھی امکان ہیکہ ریاست تلنگانہ کا اچانک دورہ کریں گے اور ملنا ساگر پراجکٹ کے تحت زیرآب ہونے والے دیہاتوں کا دورہ کریں گے۔ ملنا ساگر کے باعث بیدخل ہونے والے کسانوں کی تائید کرنے والوں کے خلاف حکومت کی کارروائی سے کانگریس پارٹی کو ایک ایجی ٹیشن شروع کرنے کا اچھا موقع ملا ہے اور پارٹی راہول گاندھی کو ریاست کا دورہ کرنے اور ایجی ٹیشن میں شامل ہونے کیلئے کہتے ہوئے اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ کانگریس کے سینئر قائدین کو پارٹی ہائی کمان سے مکتوب موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہیکہ راہول گاندھی آئندہ چند دنوں میں امکان ہیکہ ملنا ساگر ولیجس کا دورہ کریں گے۔