راہول گاندھی مسئلہ کشمیر حل کرسکتے ہیں :کلکرنی

ممبئی ۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی ویٹرن ایل کے اڈوانی کے سابق مددگار سودھیندر کلکرنی نے کہا ہے کہ ہندوستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو مسئلہ کشمیر جیسے بڑے مسائل کو حل کرسکے اور اسی لئے وہ چاہیں گے کہ کانگریس سربراہ راہول گاندھی مستقبل کے وزیراعظم بنیں۔ پاکستان اور چین کے ساتھ تنازعات کا تذکرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی بڑے مسئلوں کو حل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ ممبئی میں گزشتہ روز پیانل مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے کلکرنی نے راہول گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیک نیت کا حامل لیڈر ہے ۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تنازعہ کی یکسوئی کیلئے بات چیت ہی واحد حل ہے ۔ نیز پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا ہندوستان کے عظیم قوم بننے کی کلید ہے ۔ ہمیں وہ سب کچھ بیان کرنا چاہئے جو پاکستان کے ساتھ مسئلے کی یکسوئی کیلئے درکار ہے ۔ اور یہی وجہ ہے کہ میں نے یہ خیال پیش کیا ہے کہ میں راہول گاندھی کو مستقبل کا وزیراعظم دیکھنا چاہوں گا ۔ آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس کے زیراہتمام اس ایونٹ میں سینئر کانگریس لیڈر سلمان خورشید بھی شریک ہوئے جن کی ایک کتاب کی رسم اجرائی بھی عمل میں آئی ۔ کلکرنی نے مزید کہاکہ راہول گاندھی نوجوان شخص ہیں ۔ اُن میں جوش و جذبہ ہے ۔ حالیہ عرصہ میں کوئی سیاسی لیڈر نے محبت ، اپنائیت اور ہمدردی کی زبان میں بات نہیں کی ہے ۔