نئی دہلی۔/20جون، ( این ایس ایس ) اے آئی سی سی لیڈر اور تلنگانہ میں تنظیمی اُمور کے انچارج آر سی کنٹیا نے یہ واضح کیا کہ ان اطلاعات میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ تلنگانہ کے سینئر قائدین نے نئی دہلی میں اے آئی سی سی کے صدر راہول گاندھی سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی کے خلاف شکایت کی ہے۔ کنتیا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کسی نے بھی کسی کے خلاف کوئی شکایت نہیں کی ہے‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ میرے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ کومٹ ریڈی برادران نے راہول گاندھی سے یہ شکایت کی ہے کہ اتم کمار کے پردیش کانگریس صدر رہنے کی صورت میں کانگریس 15 نشستوں پر بھی کامیاب نہیں ہوسکے گی۔‘‘ کنتیا نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا کہ آیا اتم کمار ریڈی مستقبل میں بھی پردیش کانگریس کے صدر برقرار رہیں گے۔باور کیا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان تلنگانہ پردیش کانگریس کیلئے اے آئی سی سی کے نئے انچارج کے تقرر پر غور کررہی ہے۔