راہول گاندھی خالصتاً ہندوستانی شہری، پرانی نرس کی وضاحت

کوچی (کیرالا) ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کے ویاناڈ کی ایک ریٹائرڈ نرس اور ایک ووٹر نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی شہریت کو لیکر کوئی بھی تنازعہ پیدا نہیں کرسکتا کیونکہ 1970ء میں دہلی کے ہولی فیملی ہاسپٹل میں جس وقت 19 جون کو راہول گاندھی کی پیدائش ہوئی وہ (نرس) وہیں موجود تھی۔ 72 سالہ راجما وواتھیل نے کہا کہ پیدائش کے بعد نوزائیدہ راہول گاندھی کو سب سے پہلے اس نے اپنے ہاتھوں میں لیا تھا۔ راہول گاندھی ایک انتہائی دلکش بچے تھے اور ہم سب سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے نوزائیدہ پوتے کو دیکھ کر بیحد خوش تھے اور اب 49 سال بعد وہی نوزائیدہ بچہ راہول گاندھی کانگریس کے صدر بن چکے ہیں اور ویاناڈ سے کانگریس کے امیدوار ہیں۔ راجما نے کہا کہ انہیں راہول گاندھی کی پیدائش کا دن آج بھی اچھی طرح یاد ہے جس کا وہ ہمیشہ اپنے ارکان خاندان سے بھی تذکرہ کیا کرتی تھی۔ راجما نے بی جے پی قائد سبرامنیم سوامی کی اس شکایت پر افسوس کا اظہار کیا جو انہوں نے راہول گاندھی کے شہریت سے متعلق کی تھی۔ راہول گاندھی خالصتاً ہندوستانی شہری ہیں۔