راہول گاندھی اور چندرا بابو کے خلاف کے ٹی آر کے ریمارکس کی مذمت

ٹی آر ایس قائدین غرور اور تکبر میں مبتلا، ہنمنت راؤ کا الزام
حیدرآباد ۔ 26۔ فروری (سیاست نیوز) سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ نے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کی جانب سے راہول گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو کے خلاف کئے گئے ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری مرتبہ اقتدار ملتے ہی ٹی آر ایس قائدین غرور اور تکبر کا شکار ہوچکے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو کو جانوروں سے تشبیہ دینا کے ٹی آر کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے جس میں دیگر جماعتوں سے نفرت کا اظہار شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر اختلافات جمہوریت کا حصہ ہے لیکن کے ٹی آر نے جس انداز میں تنقید کی ہے ، وہ انہیں زیب نہیں دیتا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ قائدین کو جانوروں سے مشابہت دیکر کے ٹی آر نے اچھی روایت قائم نہیں کی ہے ۔ کانگریس قائدین بھی اگر اسی طرح کے ریمارکس کریں تو ان پر کیا گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام خود بھی اس طرح کے بیانات کو ہرگز پسند نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں عوام بیان بازیوں پر ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھیں۔ قومی قائدین پر اس طرح کے ریمارکس کرنا جمہوریت کا حصہ نہیں ہے اور غیر صحتمندانہ مسابقت کا آغاز ہوجائے گا۔