سالگرہ تقریب کے موقع پر سابق ایم پی انجن کمار یادو کا ادعا
حیدرآباد ۔ /19 جون (سیاست نیوز) صدر حیدرآباد سٹی کانگریس و سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو نے آج ایم ایل اے کوارٹرس میں حیدرآباد کانگریس کمیٹی کی جانب سے راہول گاندھی کی سالگرہ تقریب منعقد کی اور اسکولی طلبہ کے ساتھ سالگرہ منائی ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سابق کارپوریٹر ، ایس محمد واجد حسین کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ریاست اور مرکز میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی اور راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے ۔ وہ حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ حیدرآباد میں ٹی آر ایس کا کوئی وجود نہیں ہے ۔ کامیابی کیلئے ٹی آر ایس اب بی جے پی کو بیساکھی بنارہی ہے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ ساز باز ہوچکا ہے ۔ جس کی وجہ سے اپنے حالیہ دورے دہلی اور وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر کے سی آر نے 12 فیصد مسلم تحفظات کو نظر انداز کردیا ۔ کانگریس ہی سیکولر جماعت ہے جو سماج کے تمام طبقات کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے ۔ اقلیتوں کی ترقی کیلئے کانگریس پارٹی نے جو خدمات انجام دی ہے وہ ناقابل فراموش ہیں ۔ وہ شہر کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ مفاد پرست اور فرقہ پرست جماعتوں سے چوکنا رہیں اور سیکولر نظریات رکھنے والی کانگریس کو مستحکم کرنے میں تعاون کریں۔