راہول کے مجوزہ دورہ کا جائزہ

آر ٹی سی ملازمین کو کانگریس کی تائید
حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے مجوزہ دورۂ تلنگانہ سے ریاست کے کسانوں کا اعتماد بحال ہوگا، کیونکہ بحران کے سبب کئی کسان خودکشی کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر اُتم کمار ریڈی نے آج کانگریس قائدین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں راہول گاندھی کے آئندہ ہفتہ دورہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ بعدازاں صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی 11 مئی کو 4 بجے دن ایرپورٹ پہونچیں گے اور عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ قائدین سے ملاقات کریں گے۔ یہ طلبہ روزگار کے مسائل پر احتجاج کررہے ہیں۔ اس کے بعد وہ نرمل (ضلع عادل آباد) کیلئے روانہ ہوں گے جہاں منگل کی صبح ان کی پدیاترا شروع ہوگی۔ دوپہر میں کسانوں سے خطاب کے بعد وہ حیدرآباد واپس ہوں گے۔ آج کے اجلاس میں راہول گاندھی کے دورۂ کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کارگذار صدر ملو بٹی وکرامارک، قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی اور قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر بھی موجود تھے۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کو کانگریس کی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں 43 فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے تو پھر آر ٹی سی ملازمین کے معاملے میں حکومت کو اعتراض کیوں ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید کا بھی اعلان کیا۔