راہول کے حلقہ میں ترقی نہیں ہوئی ، وشواس کا دعویٰ

امیٹھی( یوپی ) ۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کے خلاف اُن ہی کے حلقہ میں اپنی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس آج ایک دلت کے گھر گئے جہاں کانگریس لیڈر نے ایک رات گذاری تھی ، اور دعویٰ کیا کہ اُس فیملی کے لئے کچھ بھی نہیں بدلا ہے ۔ شاعر سے سیاستداں بننے والے وشواس نے دعویٰ کیا کہ یہاں جواہر پور گاؤں میں سمیتا کا خاندان ہنوز زبوں حالی کا شکار ہے ، جبکہ ایک روز قبل ہی انھوں نے نائب صدر کانگریس کو دلتوں کے مکانات میں راتیں گذارنے پر طنز کا نشانہ بناتے ہوئے اُسے محض علامتی اقدام قرار دیا تھا۔ وشواس نے بھی اس مکان میں کھانا کھایا ۔ راہول نے اسی مکان میں 26 جنوری 2008 کو رات میں توقف کیا تھا اور وہاں کھانا کھایا تھا۔ وشواس کا دعویٰ ہے کہ کانگریس لیڈر کے دورہ کے باوجود سنیتا کی قسمت نہیں بدلی ہے ۔

انھوں نے سنیتا سے اُس کے مسائل کے تعلق سے بات کی اور پارٹی ورکرس کو ہدایت دی کہ اُس کیلئے آشیانہ کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ سنیتا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’ہمارے پاس آج بھی مستقل رہائش نہیں ۔ ہمارے بچے یتیموں جیسی زندگی گذار رہے ہیں ، اُن کیلئے کوئی مناسب غذا یا تعلیم فراہم نہیں ۔ بعد ازاں عوام سے بات کرتے ہوئے وشواس نے کہاکہ 55000 کروڑ روپئے مبینہ طورپر امیٹھی کی ترقی پر خرچ کئے گئے جو دکھائی نہیں دیتا ہے ۔ ’’برقی نہیں ہے ، ٹیوب ویل میں پانی نہیں ، دیہاتوں میں کچھ ترقی نہیں ، عوام کو اس بارے میں راہول سے پوچھنا چاہئے ‘‘۔