حیدرآباد 2 جون ( آئی این این ) تلنگانہ پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سراون ڈوساجو نے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی پر تنقید کرنے پر ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر کو یہ یہ جاننا چاہئے کہ سچائی ہمیشہ کڑوی ہوتی ہے اور راہول گاندھی نے جو کچھ کہا ہے وہ سچ ہے اور اس کی ساری ریاست تلنگانہ کے عوام تصدیق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل راہول گاندھی کے جلسہ کے بعد سے کے ٹی آر اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے زوال کا کل آغاز ہوچکا ہے اسی لئے وہ راہول گاندھی کے خلاف غیر ضروری ریمارکس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف کے ٹی آر کے ریمارکس ان کی ہٹ دھرمی کو ظاہر کرتے ہیں اور ساری دنیا جانتی ہے کہ کے ٹی آر اور کے سی آر نے اپنی کابینہ کے دوسرے ارکان کو محض کٹھ پتلی بناکر رکھ دیا ہے ۔