کرپشن ہی کانگریس کا کلچر، غریبوں کے منہ کا نوالہ چھین کر اپنی تجوری بھر رہی ہے
سدھی (ایم پی) 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) رشوت کے مسئلہ پر کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ کانگریس ’’تغلق روڈ الیکشن اسکام‘‘ کی مرتکب ہوئی ہے۔ جس کی رقم اس کے چیف راہول گاندھی کی انتخابی مہم پر خرچ کی جارہی ہے۔ یہاں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہاکہ کانگریس کلچر میں کرپشن ہی واحد پروٹوکول ہے۔ کانگریس کے نزدیک کرپشن ہی سب کچھ ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قانون سب کے لئے یکساں ہے حتیٰ کہ ان کی رہائش گاہ پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دھاوے کئے جاسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اگر وہ کسی بھی غلط کام میں ملوث ہیں تو ان کے خلاف محکمہ کارروائی کرسکتا ہے۔ وزیراعظم نے راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی سرکاری اسکیم کے تحت بچوں اور حاملہ خواتین کے لئے مختص رقومات کو ہڑپ رہی ہے۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی غریبوں کے منہ کا نوالہ چھین کر اپنی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ سرکاری اسکیمات کے لئے مختص رقم کو دہلی میں تغلق روڈ کی کانگریس رہائش گاہ کو منتقل کیا گیا ہے اور اس رقم کو انتخابی مہم میں استعمال کیا جارہا ہے۔ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے حال ہی میں چیف منسٹر مدھیہ پردیش اور کانگریس لیڈر کمل ناتھ کے قریبی ساتھیوں کے مکانات پر دھاوے کئے گئے تھے۔ سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکسیس نے کہا تھا کہ اس محکمہ نے کہاکہ دہلی میں واقع ایک بڑی سیاسی پارٹی کے ہیڈکوارٹرس کو مبینہ طور پر 80 کروڑ روپئے روانہ کرنے کا پتہ چلایا ہے۔ تغلق روڈ پر واقع رہائش گاہوں پر اہم ترین افراد مقیم ہیں یہاں کئی وی آئی پی افراد کی رہائش گاہیں بھی ہیں۔ وزیراعظم مودی نے یہ بھی کہاکہ مدھیہ پردیش میں مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ اسکیمات کے لئے مختص رقومات کو کانگریس کے اعلیٰ قائدین کی جیب میں چلی گئی ہیں۔ مودی نے کمل ناتھ پر الزام عائد کیاکہ وہ کسانوں کی امداد کے لئے دی گئی رقومات کو ہڑپ رہے ہیں۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش پر نکتہ چینی کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ کمل ناتھ تو شائد بے حد مصروف ہیں کہ وہ مرکز کو فہرست روانہ کرنے سے قاصر ہیں کیوں کہ وہ سوئزر لینڈ کے دورہ پر ہیں اور اپنے فرزند کو سیاسی دلہا بنارہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنی حکومت کی جانب سے شروع کردہ موافق کسان اور موافق خواتین اسکیمات کا بھی حوالہ دیا۔ مودی نے کہاکہ چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے سپاہیوں کی توہین کی تھی۔