راہول کو صدرکانگریس بنانے کی قیاس آرائیوں میں شدت

کانگریس قائدین کی جانب سے پرینکا گاندھی کے سرگرم سیاست میں داخلہ کی حمایت
نئی دہلی ؍ رائے بریلی ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کو بہت جلد کانگریس کا صدر بنائے جانے کی قیاس آرائیوں میں آج زبردست اضافہ ہوگیا۔ تاہم اس پارٹی نے فوری طور پر اس امکان کو مسترد کردیا جبکہ سونیا گاندھی مسئلہ پر بدستور خاموش بہ لب ہیں۔ سونیا گاندھی جو اپنے حلقہ انتخاب رائے بریلی کے دورہ پر ہیں، ان میڈیا اطلاعات پر تبصرہ کی خواہش کی گئی جن کے مطابق کانگریسی قائدین راہول گاندھی کو اپنی پارٹی کا صدر بنانا چاہتے ہیں لیکن سونیا گاندھی میڈیا کے اس سوال کا کوئی جواب دیئے بغیر خاموشی کے ساتھ اپنی کار میں سوار ہوکر چلی گئیں۔ کانگریس کی ایک ترجمان سشمیتا دیو نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’کانگریس ایک قومی جماعت ہے جہاں چند اصول اور ضابطے ہیں۔ جہاں تک سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کا سوال ہے ہم تمام تہہ دل سے ان کی قیادت قبول کرتے ہیں۔

ہم تمام چاہتے ہیں کہ راہول صدارت سنبھالے اور جب کبھی ایسا ہوگا ہم باضابطہ بیان جاری کریں گے‘‘۔راہول گاندھی کو صدارت پر فائز کرنے اور پرینکا گاندھی کے اترپردیش کی سیاست میں سرگرم رول سے متعلق قیاس آرائیوں کے بارے میں متعدد سوالات پر سشمیتا دیو نے کہا کہ ’’قیاس آرائیاں میڈیا کی مراعات ہیں‘‘۔ پنجاب پردیش کانگریس کے صدر کیپٹن امریندر سنگھ نے چندی گڑھ میں کہا کہ راہول گاندھی کیلئے یہ صحیح وقت ہیکہ وہ اپنی والدہ سے صدر کانگریس کا عہدہ حاصل کرنے اور انہوں نے سرگرم سیاست میں پرینکا گاندھی کے داخلہ کی بھی حمایت کی۔ امریندر سنگھ نے کہا کہ ’’سونیا گاندھی ایک ذہین رہنما ہیں۔ میں کہہ چکا ہوں کہ وہ گذشتہ 20 سال سے بحیثیت صدر کانگریس خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اگر وہ محسوس کرتی ہیں کہ اب نوجوان نسل کو قیادت سونپنے کا وقت آ گیا ہے تو راہول گاندھی کو قیادت دی جائے‘‘۔