راہول کو صبح سے شام تک وزارت عظمیٰ کی فکر :مودی

وداعی کا وقت قریب ، وزیراعظم کی انتخابی تقریر
بنگار پیٹ ؍ بنگلورو ۔ 9 مئی ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج صدر کانگریس راہول گاندھی پر سخت تنقید کی کہ وہ صبح سے شام تک وزارت عظمیٰ کی فکر میں ہیں جبکہ انھوں نے برسرعام خود کو وزارت عظمیٰ کے لئے تیار بتایاہے ، اور تعجب کیا کہ آیا ملک اس عہدہ کیلئے اس قدر ناپختہ اور نامدار لیڈر کو کبھی قبول کر پائے گا؟ مودی نے بنگار پیٹ میں انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا کہ ایسا نامدار جسے اپنے اتحادی پارٹنروں پر اعتماد نہیں ، جسے کانگریس کی داخلی جمہوریت کی فکر نہیں ۔ جس کی اکڑ ساتویں آسمان پر پہونچی ہوئی ہے اور جو اَزخود اعلان کررہاہے کہ وہ 2019 ء میں وزیراعظم بن جائیگا ، کیا ملک کبھی اس طرح کے ناپختہ ’نامدار‘ لیڈر کو کبھی قبول کرپائیگا؟ مودی کا لفظی حملہ ایک روز بعد سامنے آیاہے جبکہ راہول نے کہا تھاکہ اگر اُن کی پارٹی 2019ء کے لوک سبھا چناؤ میں سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھرتی ہے تو وہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کیلئے تیار ہیں ، جس کے ساتھ اُن کا عزم عام ہوگیا کہ وہ اعلیٰ ترین عہدہ عاملہ کی خواہش رکھتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ گزشتہ روز کرناٹک میں اور ہندوستان کی سیاست میں کچھ تبدیلی آئی ۔ یکایک ایک شخص آیا اور اعلان کیا کہ وہ دوسروں کے تعلق سے کچھ نہیں سوچتا جو اس معاملے میں مسابقت میں ہیں اور نہ اُسے دیگر اتحادی پارٹنروں کے نقطۂ نظر کی فکر ہے ۔ ایسے قائدین ہیں جو 40 سال سے منتظر ہیں لیکن وہ یکایک سامنے آیا اور اپنی خواہش کا اظہار کردیا اور کہاکہ میں وزیراعظم بن جاؤں گا ۔ مودی 12 مئی کو منعقدشدنی کرناٹک الیکشن میں اپنے انتخابی مہم کے آخری مرحلہ پر ہیں۔ انھوں نے ایک سے زائد جگہوں پر انتخابی ریالیوں کو مخاطب کیا۔ بنگلورو میں اُنھوں نے کہاکہ کرناٹک کیلئے کانگریس کو الوداع کہنے کا وقت آچکا ہے ۔ انھوں نے ریاست کی برسراقتدار پارٹی پر سخت تنقید میں کہاکہ کانگریس ’ڈیل پارٹی ‘ بن چکی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کانگریس کلچر ، کمیونلزم ، کاسٹ ازم ، کرائم ، کرپشن اور کنٹراکٹ سسٹم ایسی چھ باتیں ہیں جو کرناٹک کا مستقبل خراب کررہی ہیں۔