کے سی آر کو اشتعال انگیزی کے خلاف انتباہ : پون کلیان کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : فلم اسٹار جنا سینا پارٹی کے صدر پون کلیان نے کانگریس ہٹاؤ نریندر مودی کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی کے گھر میں پیدا ہونے پر راہول کے نام کے آگے گاندھی جڑ سکتا ہے ۔ مگر اندرا گاندھی کا تجربہ راہول گاندھی کو کبھی حاصل نہیں ہوگا ۔ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اشتعال انگیزی پھیلانے کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی دھمکی دی ۔ ایل بی اسٹیڈیم میں بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی وزیر اعظم بننے کے خواہش مند ہیں ۔ خواہش رکھنا کوئی بری بات نہیں ہے ۔ تاہم راہول گاندھی بھول رہے ہیں کہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کے لیے پہلے کھلاڑی کو لوکل زونل ڈسٹرکٹ اور اسٹیٹ ٹیموں کیلئے کھیلنے کا تجربہ ہونا ضروری ہے ۔ تب وہ قومی ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں راہول گاندھی کے پاس تجربہ نہیں ہے جب کہ نریندر مودی تین مرتبہ گجرات کے چیف منسٹر بن چکے ہیں اور تجربہ کار ہے اور وہ ملک کے وزیر اعظم بن جائیں گے ۔ وہ دن گئے جب کوئی بغیر تجربہ کے وزیر اعظم بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو متحد رکھنے کے حق میں علاقائی جذبات پھیلانے کے خلاف ہے ۔ انہیں یقین ہے ۔ موودی اور این ڈی اے علاقائی جذبات بھڑکانے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے سیما آندھرا والوں کو تلنگانہ میں مقابلہ کرنے کے خلاف انتباہ دیا ہے جس کی وہ مذمت کرتے ہیں ڈرانے دھمکانے سے گھبرانے والے نہیں ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سیما آندھرا عوام نے تلنگانہ کے قائد پی وی نرسمہا راؤ کو سیما آندھرا سے منتخب کیا ۔ میدک کے عوام نے اندرا گاندھی کو کامیاب بنایا ہے ۔ یو پی اے کے دور اقتدار میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں 30 مرتبہ اضافہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ملک میں خوشحالی آئے گی ۔