راہول وزارت عظمیٰ امیدوار نہیں،کانگریس انتخابی مہم کیقیادت سپرد

٭ کانگریس میں چناؤ سے قبل پی ایم نامزد کرنے کی روایت نہیں
٭ راہول کے حق میںکئی قائدین کا مطالبہ نظر انداز
٭ ورکنگ کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں فیصلہ
نئی دہلی 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی اپریل۔مئی کے لوک سبھا چناؤ میں وزارت عظمیٰ ٰ کیلئے کانگریس پارٹی کے نامزد امیدوار نہیں ہوں گے لیکن انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، پارٹی نے آج یہ اعلان کرتے ہوئے ان کے رول کے تعلق سے تمام تر قیاس آرائی کو ختم کردیا۔ یہ فیصلہ توسیعی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے دو گھنٹے طویل اجلاس میںکیا گیا جس میں راہول کو چناؤ سے قبل وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کرنے کیلئے پُر زور مطالبات کو بالائے طاق رکھ دیا گیا۔ انہیں مخاطب کرتے ہوئے جنہوں نے راہول کو وزارت عظمیٰ امیدوار بنانے کیلئے پُر زور تائید و حمایت ظاہر کی، صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کہا کہ پارٹی میں ایسی روایت نہیں کہ چناؤ سے قبل وزارت عظمیٰ امیدوار کا اعلان کردیا جائے۔

سی ڈبلیو سی فیصلہ پر اپنے رد عمل میں راہول نے کہا کہ وہ پارٹی کے مخلص ورکر ہیںاور تنظیم کی جانب سے جو کچھ بھی ذمہ داری دی جائے اُسے انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے نظریہ کو مجروح کرنے کی کوشش ہورہی ہے اور وہ اس کے تحفظ کے پابند عہد ہیں۔ راہول کو وزارت عظمیٰ امیدوار بنانے کا مطالبہ کیرالا پی سی سربراہ رمیش چینیتالا نے اُٹھایا اور مختلف قائدین بشمول بی کے ہری پرساد، گرو داس کامت، غلام نبی آزاد اور یوتھ کانگریس سربراہ راجیو ساتوو کی طرف سے اس مطالبہ کو فوری تائید حاصل ہوئی۔

سی ڈبلیو سی میٹنگ شروع ہونے کے فوری بعد چینیتالا نے راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ امیدوار بنانے کیلئے پُر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ایسا کرنے کا وقت آچکا ہے اور دلیل دی کہ اس سے نوجوانوں کا جوش بڑھے گا اور بدلے ہوئے ماحول میں کانگریس کیلئے اس طرح کا اعلان فائدہ مند رہے گا۔ جب قائدین نے یک آواز ہوکر راہول کو بطور وزیر اعظم منتخب کرنے کی خواہش کی تو سونیا گاندھی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ کیوں پارٹی کو چناؤ سے قبل وزارت عظمیٰ امیدوار نامزد کرناچاہئے جبکہ ایسی کوئی نظیر نہیں۔

’’ اے آئی سی سی کی یہ میٹنگ اعلان کرتی ہیں کہ 2014ء کی انتخابی مہم کی قیادت راہول گاندھی کریں گے،‘‘ سی ڈبلیو سی نے یہ فیصلہ کیا۔ راہول کو مہم کی قیادت کرنے کی ذمہ داری ایک سال بعد سونپی گئی ہے جبکہ انہیں گذشتہ جنوری میں جئے پور کی چنتن بیٹھک میں پارٹی کا نائب صدر بنایا گیا تھا۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے جس نے نریندر مودی کو اپنا وزارت عظمیٰ امیدوار نامزد کردیا ہے، پارٹی جنرل سکریٹری جناردھن دویویدی نے کہا کہ کانگریس میں کسی کو بھی وزارت عظمیٰ بنانے کا سوال کبھی نہیں اُٹھا جو جواہر لعل نہرو کے دور سے 2004ء کے انتخابات تک برقرار رہا، جو پارٹی نے سونیا گاندھی کی قیادت میں لڑے تھے۔ ’’یہ ہمیشہ ہی واضح رہا کہ کانگریس میں کون لیڈر ہیں۔ یہ ہمارے لئے کبھی کوئی مسئلہ نہیں رہا،‘‘ انہوں نے اس کے ساتھ مزید کہا کہ یہ اُن پارٹیوں کیلئے مسئلہ ہیں جن کے پاس وزارت عظمیٰ امیدوار کے بارے میں سخت رقابت اور ناراضگی پائی جاتی ہے۔