راہول اور سونیا گاندھی کیخلاف بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا متنازعہ ریمارک

پٹنہ ؍ دربھنگہ ؍ بکسر 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف متنازعہ ریمارک کرنے پر دربھنگہ کی عدالت میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ اشونی چوبے کے خلاف ایک شکایت درج کرلی گئی ہے جبکہ برہم کانگریس کارکنوں نے بکسر پارلیمانی حلقہ میں واقع رکن پارلیمنٹ کی ہوٹل کے باہر احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے ان سے تحریری معذرت کا مطالبہ کیا۔ دربھنگہ ڈسٹرکٹ کانگریس لیڈر مسٹر رام نارائن جھا نے صدر اور نائب صدر کانگریس کے بارے میں غیر شائستہ تبصرہ کرنے پر چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ جی کے سریواستو کی عدالت میں اشونی چوبے کے خلاف ایک شکایت درج کروائی ہے۔ ضلع نواڈا میں راجول کے مقام پر جمعرات کی شب بی جے پی کارکنوں کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر چوبے نے سونیا گاندھی کو اساطیر اور راہول گاندھی کو طوطا قرار دیا تھا۔ کانگریس لیڈر جھا نے کہاکہ پرنٹ میڈیا اور ٹی وی چیانلوں پر سونیا اور راہول کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیکھ کر ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

ان کے وکیل پون چودھری نے بتایا کہ عدالت سے یہ استدعا کی گئی ہے کہ چوبے کے خلاف ہتک عزت اور اشتعال انگیزی کے الزامات کے تحت کیس درج کیا جائے۔ اُنھوں نے بتایا کہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے شکایت کو سماعت کیلئے قبول کرلیا اور معاملہ کو فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ کورٹ منتقل کردیا جہاں پر 30 جون کو سماعت ہوگی۔ دریں اثناء یوتھ کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد نے بکسر میں ایک ہوٹل کے روبرو دھرنا دیا جہاں پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ قیام کئے ہوئے ہیں۔ بکسر یوتھ کانگریس صدر ستیندر اوجھا کی زیرقیادت احتجاجیوں نے آج صبح سے ہی ہوٹل کے باہر دھرنا دیتے ہوئے چوبے اور بی جے پی کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔ بکسر سب ڈیویژنل آفیسر مسٹر گوتم کمار اور سب ڈیویژنل پولیس آفیسر مسٹر سنیل کمار دھرنا کے مقام پر پہونچ کر احتجاجیوں کو دھرنا ختم کردینے کی ترغیب کی کوشش کی۔ پردیش یوتھ کانگریس صدر اشیش نے پٹنہ میں بتایا کہ رکن پارلیمنٹ کے خلاف یہ احتجاج اُس وقت جاری رہے گا تاوقتیکہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف غیر شائستہ ریمارکس پر تحریری معذرت نہیں کرتے۔

آئی آئی ٹی انٹرنس میں کامیاب غریب بھائیوں کو مدد
نئی دہلی ؍ لکھنو 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے ایک شخص کے دو بیٹوں 18 سالہ راجو اور اور 19 سالہ برجیش نے آئی آئی ٹی انٹرنس ٹسٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور اُنھیں داخلہ و دیگر اُمور کے سلسلہ میں ہر طرف سے مدد کی پیشکش ہورہی ہے۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے اُن سے ربط قائم کرتے ہوئے ممکنہ مدد کا تیقن دیا۔چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے کہاکہ اِن دونوں کے داخلہ اور دیگر مصارف ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔