نئی دہلی 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آج منوج پرساد کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا جو سی بی آئی کے اسپیشل ڈائرکٹر راکیش آستھانہ کو مبینہ طور پر رشوت دینے سے متعلق ایک مقدمہ میں گرفتار شدہ درمیانی آدمی ہے۔ سی بی آئی کے خصوصی جج سنتوش اسنیٹی مانو نے یہ کہتے ہوئے پرساد کو ضمانت دینے سے انکار کردیا کہ اُس کو راحت دینے کے لئے یہ موزوں مرحلہ نہیں ہے۔ سی بی آئی نے بھی یہ کہتے ہوئے درخواست ضمانت کی مخالفت کی تھی کہ ملزم چونکہ اثر و رسوخ کا حامل ہے۔ ضمانت پر رہائی کی صورت میں رواں تحقیقات کو متاثر کرتے ہوئے انصاف سے بچ کر فرار بھی ہوسکتا ہے۔ 17 اکتوبر کو گرفتار شدہ منوج پرساد نے کہا تھا کہ اب اس سے تحویل میں پوچھ گچھ کی ضرورت باقی نہیں رہی چنانچہ مزید تحویل میں رکھنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔