راکھی تہوار کی پرگتی بھون اور منسٹرس کوارٹرس میں سرگرمیاں

کویتا نے کے ٹی آر کو راکھی باندھی، ہریش راؤ ، محمود علی اور ای راجندر کو مہیلا قائدین نے راکھی باندھی
حیدرآباد۔/26 اگسٹ، ( سیاست نیوز) راکھی تہوار کے موقع پر آج پرگتی بھون اور منسٹرس کوارٹرس میں خواتین میں ریاستی وزراء کو راکھی باندھی اور آشیرواد حاصل کیا۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کویتا نے پرگتی بھون پہنچ کر اپنے بھائی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو راکھی باندھی اور ہیلمٹ کا تحفہ پیش کیا۔ وہ گزشتہ سال سے بہنوں کی جانب سے بھائیوں کو راکھی کے موقع پر ہیلمٹ کی پیشکشی کی مہم چلارہی ہیں تاکہ حادثات کی کمی کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جاسکے۔ اس مہم کو مختلف اہم شخصیتوں کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ کویتا نے کے ٹی آر کو راکھی باندھی اور مٹھائی کھلانے کے بعد پیر چھو کر آشیرواد حاصل کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر راکھی باندھنے کا ویڈیو بھی اَپ لوڈ کیا۔ اسی دوران کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر کویتا کی مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھائیوں کی ہیلمٹ کی پیشکشی کو عوامی تائید حاصل ہوئی ہے۔ دو دن قبل عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے اس مہم میں حصہ لیا تھا۔ اسی دوران منسٹرس کوارٹرس میں وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی قیامگاہ پر خواتین کا ہجوم دیکھا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی ٹی آر ایس مہیلا قائدین اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے ہریش راؤ کو راکھی باندھی۔ خواتین نے ریاست میں خشک سالی کے خاتمہ کیلئے ہریش راؤ کے اقدامات کی ستائش کی۔ کئی مسلم خواتین نے بھی ہریش راؤ کو راکھی باندھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور وزیر فینانس ای راجندر کو بھی کئی خواتین نے راکھی باندھ کر دعائیں حاصل کیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والی مسلم مہیلا قائدین بڑی تعداد میں منسٹرس کوارٹرس میں وزراء کو راکھی باندھنے کیلئے پہنچیں۔