رانچی میں ایک ہی خاندان کے سات ارکان کی لاشیں برآمد

رانچی، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کے ضلع رانچی میں کانکے تھانہ علاقہ کے بوڈیا میں واقع ایک مکان سے پولیس نے آج ایک ہی کنبہ کے سات ارکان کی لاشیں برآمد کی۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے پولیس اہلکاروں نے دروازہ توڑکر مکان کے اندر داخل ہوئے تو دو لاشیں پھندے سے لٹکی ہوئی ملی جبکہ پانچ لاشیں بستر پر پڑی تھی۔ مرنے والوں میں دیپک جھا (45)، ان کی بیوی پنکی جھا (40)، دیپک کاچھوٹا بھائی روپیش (30)، ان کی بیٹی درشٹی (05)، ڈیڑھ سالہ بیٹا جنگو اور ان کے بزرگ والدین شامل ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ دیپک کے بیٹے جنگو کی طبیعت ہمیشہ خراب رہتی تھی۔ اس کے علاج کے لئے کنبہ نے لاکھوں روپے قرض لئے تھے ۔اوسط آمدنی والے اس کنبہ کے ارکان نے اقتصادی تنگی سے عاجز آکر خود کشی کرنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیاہے ۔ اگرچہ موت کی اصل وجہ کا پتہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی چل پائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی رانچی کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ انیش گپتا سمیت کئی دیگر سینئر پولیس افسر ان موقع پر پہنچ چکے ہیں. قابل ذکر ہے کہ اسی مہینے ہزاری باغ ضلع میں ایک خاندان کے چھ ارکان نے مالی تنگی سے عاجز آکر خود کشی کر لی تھی۔