پٹنہ ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے باغی لیڈر رام کرپال یادو نے آج سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پائلی پٹرلوک سبھا نشست کیلئے اس حلقہ سے مقابلہ کریں گے جہاں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے اپنی بیٹی میسا بھارتی کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ یاد رہیکہ رام کرپال یادو کو لالو پرساد کا قریب ترین رفیق تصور کیا جاتا تھا۔ گذشتہ ہفتہ جب لالو نے انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کردیا تو انہوں نے بطور احتجاج پارٹی کے تمام عہدوں سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ دہلی سے واپسی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاٹلی پتر حلقہ انتخاب سے مقابلہ کریں گے۔ البتہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وہ کسی سیاسی جماعت کی ٹکٹ پر مقابلہ کریں گے یا بطور آزاد امیدوار۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو دنوں میں وہ اپنے فیصلہ کا اعلان کریں گے۔ یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ جے ڈی (یو) اور بی جے پی رام کرپال یادو سے رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں جنہوں نے پاٹلی پتر حلقہ انتخاب سے میسابھارتی کو امیدوار نامزد کرنے پر آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد پر زبردست تنقید کی تھی۔ یہ بھی کہا گیا ہیکہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بھی رام کرپال یادو سے بات چیت کی ہے۔ اسی دوران جے ڈی (یو) کے صدر (بہار) بسستا نارائن سنگھ نے کہا کہ رام کرپال یادو جو ایک محنتی اور قابل لیڈر ہیں۔