رام پال کی گرفتاری کا خرچ 26 کروڑ روپئے

چندی گڑھ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) خود ساختہ سادھو رام پال کی بڑے پیمانے پر تلاش اور گرفتاری کیلئے سرکاری خزانہ پر 26 کروڑ روپئے سے زیادہ کے مجموعی خرچ کا بوجھ عائد ہوا ہے ۔ سخت صیانتی انتظامات کے دوران رام پال کو ڈیویژن بنچ کے اجلاس پر پیش کیا گیا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس ہریانہ ایس این وشیسٹ نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کارروائی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، جو ستلوک آشرم بروالا ضلع حصار میں کیا گیا تھا ، جس کے نتیجہ میں مفرور رام پال کی گرفتاری عمل میں آئی۔ تاہم گرفتاری سے قبل کافی کشت و خون ہوا۔ ہریانہ اور پنجاب کی ریاستوں کے علاوہ چندی گڑھ کا انتظامیہ اور مرکزی حکومت کا انتظامیہ اس کارروائی میں شریک تھا۔ ریاستوں نے جو اعداد و شمار پیش کئے ہیں اس کے بموجب ہریانہ میں 15.43 اور حکومت پنجاب نے 4.34 ،چندی گڑھ انتظامیہ نے 3.29 کروڑ اور مرکزی حکومت نے 3.50 کروڑ روپئے رام پال کی تلاش اور گرفتاری کی کارروائی پر خرچ کئے ہیں ۔ جملہ رقم 26.61 کروڑ روپئے ہوتی ہے ۔ ہائی کورٹ میں ڈی جی پی ہریانہ نے زخمیوں کی طبی رپورٹ بھی پیش کی۔ خود ساختہ سادھو کی گرفتاری کے بعد سے اس کے مقامات پر تلاش کا کام مسلسل جاری ہے۔