حیدرآباد۔/14اپریل، ( سیاست نیوز) رام نومی کے موقع پر شہر میں نکالے گئے مرکزی جلوس کا پُرامن اختتام عمل میں آیا۔ رام نومی شوبھا یاترا کا آغاز آج دوپہر ایک بجے سیتا رام باغ سے ہوا جو ویسٹ زون، سنٹرل زون کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا ایسٹ زون کے علاقہ ہنومان ویائم شالہ سلطان بازار پر اختتام کو پہنچا۔ رام نومی شوبھا یاترا کے موقع پر دونوں شہروں میں پولیس کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے اور 5000 پولیس عملے کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے تحدیدات بھی عائدکی گئی تھیں۔ اس جلوس میں بجرنگ دل، وشوا ہندو پریشد اور دیگر ہندو بنیاد پرست تنظیموں کے سینکڑوں کارکنوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر اشتعال انگیز نعرہ بازی بھی کی جارہی تھی اورایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے گیت بھی بجائے جارہے تھے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے رام نومی شوبھا یاترا کی راست طور پر نگرانی کی ۔