رام نومی جلوس ، دو گروپوں میں تصادم، ایک ہلاک

مغربی بنگال میں ریالیوں میں ہتھیار پر پابندی کی خلاف ورزی
کولکاتا 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کولکاتا کے پرولیا میں رام نومی جلوس میں دو گروپوں میں تصادم کی صورت میں ایک شخص کی موت اور پانچ پولیس ملازمین شدید زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب تلوار بردار بی جے پی قائدین نے ہتھیاروں سے لیس کسی بھی عوامی ریالی پر پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد مقامات پر ریالیاں نکالیں۔ پولیس نے اس بات کی توثیق کی ہے۔ کل ہوئے اس واقعہ پر ٹی ایم سی لیڈر نے کہاکہ اس جلوس میں شامل ہر شخص یہاں تک کہ بچے بھی اپنے ہاتھ میں تلوار لئے ہوئے تھے۔ قابل ذکر یہ ہے کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی گزشتہ ہفتے ایسی تنظیموں جوکہ طویل عرصہ سے ہتھیار سے لیس ریالیاں نکال رہی ہیں ان کو انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کسی بھی شخص کو ہتھیار کے ساتھ رام نومی ریالی میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دے گی۔ وہیں دوسری جانب بی جے پی کے مغربی بنگال کے ریاستی صدر دلیپ گھوش جو خود جلوس میں تلوار کے ساتھ شامل تھے، کہاکہ انھیں اس بارے میں کچھ علم نہیں تھا کہ ریاستی حکومت نے ایسا کوئی فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے ایسی ریالی کو قدیم ہندو ثقافت کا رواج قرار دیتے ہوئے کہاکہ رام نومی کے موقع پر پرانے زمانے سے ہم استرپوجا (ہتھیار پرستش) کرتے رہے ہیں۔