این ڈی اے صدارتی امیدوار کو کے سی آر کی تائید باعث اطمینان : وینکیا نائیڈو
حیدرآباد ۔ 4۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے این ڈی کے صدارتی امیدوار رامناتھ کووند کی تائید کرنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد پیش کی ۔ جل وہار میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے صدارتی امیدوار کیلئے ٹی آر ایس کی تائید پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی عہدہ کیلئے رامناتھ کووند کو ملک بھر میں زبردست تائید حاصل ہورہی ہے ۔ رامناتھ کووند کا تعلق کسان گھرانے سے ہے اور وہ ہمیشہ دستور کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ ملک کی ہمہ جہتی تہذیبی روایت سے رامناتھ کووند بخوبی واقف ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے رامناتھ کووند کی صلاحیتوں اور خدمات کی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس وہ پہلی جماعت ہے جس میں رام ناتھ کووند کی تائید کا اعلان کیا ۔ جے ڈی یو ، انا ڈی ایم کے ، ٹی آر ایس ، وائی ایس آر سی پی جیسی علاقائی جماعتیں تائید کر رہی ہیں۔ این ڈی اے میں شامل 33 جماعتیں رامناتھ کووند کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واضح اکثریت کے ساتھ این ڈی اے امیدوار کی کامیابی یقینی ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی صدارتی انتخاب میں حصہ نہ لیتی تو بہتر ہوتا۔ بی جے پی نے امیدوار کے اعلان سے قبل کانگریس قائدین سے ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب نظریات کا الیکشن نہیں ہے ۔ صدر جمہوریہ دستور کے تحت کام کرتے ہیں اور ان کے فیصلے دستور کے مطابق ہوتے ہیں۔ بی جے پی جمہوریت کے استحکام کے حق میں رہی ہے ۔ ترقی اور عوام میں باہمی یکجہتی کے فروغ کیلئے صدر جمہوریہ کام کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زبردست ستائش کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے جی ایس ٹی اور نوٹ بندی جیسے فیصلوں کی تا ئید کا حوالہ دیا۔