رام موہن کے استعفیٰ کی اطلاع سوشیل میڈیا پر وائرل، میئر نے تردید کی

حیدرآباد 28 نومبر (سیاست نیوز) میئر حیدرآباد بی رام موہن ریڈی نے سوشل میڈیا کے ان پوسٹس کو مسترد کردیا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ میٹرو ریل افتتاحی تقریب میں پروٹوکول کی خلاف ورزی پر اُنھوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میئر حیدرآباد نے سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے اُس شخص کی نشاندہی کرنے کی خواہش کی جس نے سب سے پہلے یہ گمراہ کن اطلاع پوسٹ کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض افراد نے یہ غلط اطلاع پھیلادی کہ حیدرآباد میٹرو ریل افتتاحی تقریب کے بورڈ پر اُن کا نام درج نہ ہونے پر وہ برہم ہیں۔ اُن سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ محض پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ایسا کیا گیا ہے لہذا وہ مستعفی ہورہے ہیں۔ رام موہن نے کہاکہ سوشل میڈیا کے اِس پوسٹ میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ اُنھوں نے سائبر کرائم شعبے کے ایڈیشنل ڈی سی پی رگھوویر سے نمائندگی سے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔