رام مندر کی تعمیر کیلئے رام مہوتسو منایا جائیگا : وی ایچ پی

لکھنو 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندووں کو مجتمع کرنے اور انہیں ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر تعمیر کرنے ان کے عزم کی یاددہانی کروانے کے مقصد سے وشوا ہندو پریشد کی جانب سے درگا پوجا کی طرز پر ملک بھر میں پہلی مرتبہ رام مہوتسو منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ وی ایچ پی کے میڈیا انچارچ شرد شرما نے آج کہا کہ ہم 21 مارچ یا 22 مارچ کو رام مہوتسو کا آغاز کرینگے اور اس کا سلسلہ یکم اپریل تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب تنظیم کی جانب سے اس طرح کا پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے ۔ یہ پروگرام ملک کے ہر گاوں میں منعقد کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے رام جنم بھومی تحریک کو تقویت حاصل ہوگی اور یہ پروگرام نہ صرف ان گاووں میں جہاں منادر ہیں منعقد کیا جائیگا بلکہ ان گاووں میں بھی منعقد کیا جائیگا جہاں ایسے کوئی انتظامات نہیں ہیں۔ مہوتسو کے دوران لارڈ رام کے دو تا ڈھائی فیٹ قامت والے مجسموں کی 10 دن تک پوجا کی جائیگی جیسا کہ نوراتری کے دوران کیا جاتا ہے ۔ ان مجسموں کو یا تو ہمیشہ کیلئے رکھا جائیگا یا ان کا وسرجن کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندووں سے پہلے ہی کہا گیا ہے کہ وہ رام مندر کی تعمیر کا عہد کریں۔ تاہم اس عزم کو مستحکم کرنے کیلئے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ یہ عہد پورا ہو عوام سے کہا جائیگا کہ وہ اس کا اعادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کا منصوبہ ہے کہ ملک بھر میں 1.5 لاکھ تا 2 لاکھ گاووں تک رسائی حاصل کی جاسکے اور اتر پردیش اور اترکھنڈ کے تعلق سے کوشش کی جائیگی کہ ہر ضلع اور ہر گاوں تک پہونچا جاسکے ۔ وی ایچ پی میڈیا انچارچ نے کہا کہ تنظیم ملک بھر میں 600 ہندو سمیلن منعقد کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سمیلن مارچ تک منعقد ہونگے ۔ مثال کے طور پر ایک سمیلن 6 فبروری کو ایودھیا میں منعقد ہوگا اس کے ساتھ الہ آباد میں بھی 6 فبروری کو اور وارناسی میں 8 فبروری کو منعقد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان سمیلنوں کو سینئر وی ایچ پی قائدین بشمول اشوک سنگھل ‘ پروین توگاڑیہ کے علاوہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ مخاطب کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمیلن وی ایچ پی کے قیام کے پچاس سال کی تکمیل پر منعقد کئے جارہے ہیں۔ ۔ اس کا مقصد رام نومی تہوار بھی اسی شدت کے ساتھ منانا ہے جس طرح سے گنیش مہوتسو اور درگا پوجا کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔