اگرتلہ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ایم این پانڈے نے آج کہا کہ مرکزی سرکار ایودھیا میں مجوزہ رام مندر کی تعمیر ضابطہ اور قانون کے تحت کرے گی۔ پانڈے نے یہاں اخباری نمائندون سے بات چیت میں کہا کہ بی جے پی قیادت والی حکومت ملک کی سالمیت اور قانون کا احترام کرتی ہے ۔ قانون کے مطابق رام مندر کی تعمیر کے لئے جو بھی ضروری کارروائی ہوگی اسے پورا کرنے کا سرکار نے عزم کررکھا ہے ۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی کے درمیان پیدا ہوئے تنازعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر پانڈے نے کہا کہ ممتا بنرجی نے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیتے ہوئے سرکاری رازداری برتنے کی بھی حلف لیا تھا جس کی انہوں نے خلاف ورزی کی ہے ۔ مغربی بنگال کی موجودہ صورتحال مرکز کی جانب سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا، ’’ریاست میں قانون و انتظام کی صورتحال کنٹرول سے باہر ہو جانے پر گورنر نے ممتا بنرجی سے فون پر بات چیت کی تھی لیکن انہوں نے اس دوران گورنر کے لئے انتہائی قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کرنے کے علاوہ انہیں عام کردیا۔ انہوں نے نہ صرف آئینی بلکہ رازداری برتنے کے حلف کی بھی خلاف ورزی کی ہے جو افسوسناک ہے ‘‘۔