رام مندر کی تعمیر بی جے پی کا ایجنڈہ

ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح : مرلیدھر راؤ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( پی ٹی آئی ) : بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری پی مرلیدھر راؤ نے کہا ہے کہ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی فوری ترجیح ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کو یقینی بنانا ہے اگرچہ رام جنم بھومی جیسے مسائل ہنوز اس کے ایجنڈے میں شامل ہیں ۔ مرلیدھر راؤ نے آج یہاں پریس کانفرنس کے دوران مختلف سوالات پر جواب دیا کہ ’ ہم تمام مسائل بعجلت ممکنہ حل کرنا چاہتے ہیں ۔ ہماری پہلی ترجیح ملک کی اقتصادی کو بہتر بنانا ‘ ملک کو ترقی کے راستہ پر گامزن کرنا اور بہتر حکمرانی فراہم کرنا ہے ۔ حکومت کے پاس فی الحال یہ اولین ترجیحات ہیں ‘ ۔ مرلی دھر راؤ نے مزید کہا کہ ’ خواہ رام جنم بھومی ، یکساں سیول کوڈ یا دفعہ 370 کا مسئلہ ہو یہ بی جے پی کا ایک ایجنڈہ ہے ۔ یہ تمام مسائل فوری طور پر حل نہیں کئے جاسکتے ۔ حکومت ان افراد کے راستہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا چاہتی ہے جو رام مندر تعمیر کرنا چاہتے ہیں ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ رام جنم بھومی مسئلہ نظریاتی طور پر نمایاں اہمیت کا حامل ہے لیکن جب عمل آوری کی بات آتی ہے تو حکومت کو ان وعدوں پر بھی غور کرنا ہوگا جو لوک سبھا انتخابات سے قبل کئے گئے تھے ۔