رام مندر کی تعمیر ایک پیچیدہ مسئلہ :سرپد نائک

پاناجی ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سرپد نائک نے کہا کہ مودی حکومت ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے مدد کرنے تیار ہے۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ایودھیا میں رام مندر بنانے میں مدد کرنے تیار ہے لیکن اس سے پہلے اس مسئلہ کا دوستانہ حل نکالنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ حکومت مدد کرے گی لیکن اصل تعمیر کا کام منظم طریقہ سے ہونا چاہئے۔ جو لوگ اس کیلئے لڑ رہے ہیں ان میں مصالحت بھی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ نائیک کا یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب کل ہی آر ایس ایس اور وی ایچ پی نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے بی جے پی پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ بی جے پی کو اپنے لوک سبھا انتخابات کے وعدہ کو پورا کرنا ہوگا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ قوم کا کام ہے لیکن یہ مسئلہ اس وقت عدالت میں زیردوران ہے۔ اگر زمین دستیاب ہوجائے تو مندر بنایا جاسکتا ہے۔ رام مندر ایک پیچیدہ مسئلہ ہے۔ اس کیلئے وقت لگے گا۔ سرپد نائک نے ایک سوال کے جواب میں کانگریس پر تنقید کی اور کہا کہ یہ پارٹی وزیراعظم نریندر مودی زیرقیادت حکومت پر غیرضروری تنقیدیں کررہی ہے۔ اپوزیشن پارٹی چاہتی ہیکہ 12 ماہ کے اندر ہی ملک میں تمام ترقیاتی کام ہوجائیں۔ افسوس ہوتا ہیکہ جس پارٹی نے 60 سال تک حکومت کرنے کے باوجود ترقی کا کوئی قدم نہیں اٹھایا تھا اب وہ 12 ماہ کے اندر ہی ترقی چاہتی ہے۔ مودی حکومت میں ترقیات کے کام ہورہے ہیں اور اس حکومت کی مدت کے دوران ہندوستان کی ترقی کی سطح بلند ہوگی۔ مرکز میں این ڈی اے حکومت کی ایک سال کی تکمیل پر انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سلسلہ وار الزامات عائد کئے ہیں۔ گوا میں قومی قائدین جمع ہیں جہاں مودی حکومت کی ایک سال کی تکمیل پر جشن منایا جارہا ہے۔