بنگلورو ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے کانگریس ایم ایل اے اور سابق وزیر روشن بیگ نے آج سوال کیاکہ رام مندر اگر ہندوستان میں نہیں تعمیر کی جاتی ہے تو کیا پاکستان میں تعمیر ہوگی اور کہاکہ مسلمان اپنے ہندو بھائیوں کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔ رام مندر مسئلہ پر آرڈیننس لانے کی مبینہ کوششوں پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے روشن بیگ نے استفسار کیاکہ زعفرانی پارٹی زیرقیادت حکومت مرکز میں گزشتہ ساڑھے چار سال سے آخر کیا کرتی رہی۔ اُنھوں نے ایک مبینہ بیان کے تعلق سے کہاکہ ہندوستانی مسلمان اترپردیش کے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے مخالف نہیں ہیں۔ اُنھوں نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’راجستھان، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش میں انتخابی ماحول کی وجہ سے یکایک اُن لوگوں (بی جے پی) نے رام مندر کے تعلق سے باتیں شروع کردی ہیں اور 2019 ء کا لوک سبھا الیکشن بھی اُن کے پیش نظر ہے‘‘۔