گونڈا،17جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندویواواہنی کے صدر سنیل سنگھ نے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کو متنبہ کیاہے کہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے اجودھیامیں رام مندر تعمیر نہ ہونے کی صورت میں انکی تنظیم بی جے پی کو مرکز میں اقتدار سے بے دخل کرنے میں اہم رول اداکریگی ۔مسٹر سنگھ نے یہاں صحافیوں سے کہاکہ ہندؤوں کے عقیدے کا مرکز اجودھیا میں عالی شان رام مندر کی تعمیر 2019سے قبل نہیں کرائی گئی تو ہندویواواہنی ملک کی سبھی ہندوہم خیال تنظیموں کے ساتھ ملکر لوک سبھا کا انتخابات لڑکر بی جے پی کو شکست دیگی۔انھوں نے کہاکہ بی جے پی ایک موقع پرست پارٹی ہے حالانکہ ہندؤوں کے جذبات سے کھلواڑکرنا اسے اگلے انتخابات میں مہنگا پڑے گا۔مسٹر سنگھ نے کہاکہ انکے گرو یوگی آدتیہ ناتھ بی جے پی کے سیاسی جال میں پھنستے جارہے ہیں ۔یوگی حکومت کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ڈیڑھ سال کی میعاد کار کے باوجود یوگی رام مندرکی تعمیر کی بات کرنے کے بجائے اس سے بچتے نظر آرہے ہیں ۔