متھرا۔یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر سبرامنین سوامی نے آج کہا کہ ایودھیا میں 2016ء تک رام مندر کی تعمیر شروع نہ کی جائے تو وہ عدالت سے رجوع ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2016ء تک رام مندر کی تعمیر شروع نہ کی جائے تو ہمیں دوسرے راستے بشمول عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑے گا ۔ وہ آج وشواہندو پریشد کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام میں انگریزوں کی تحریر کردہ تاریخ پڑھائی جاتی ہے ۔ مرکز میں اب بی جے پی کو اکثریت حاصل ہے لہذا اُسے موجودہ تعلیمی نصاب تبدیل کرنا چاہیئے ۔ سبرامنین سوامی نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 80فیصد ہندو طبقہ ہے لیکن وہ مختلف سیاسی جماعتوں میں منقسم ہے۔