رام مندر اور دفعہ 370 بی جے پی کا اہم ایجنڈہ

نئی دہلی 16 جون (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر قانون ڈی وی سدا نندا گوڑ نے کہا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر ‘کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دستور کی دفعہ 370 کی منسوخی بدستور بی جے پی کے ایجنڈہ رہیں گے لیکن وسیع مشاورت کے بعد ہی ان مسائل پر کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی موجودہ ترجیح بہتر حکمرانی ہے جس کو سابق یو پی اے حکومت نے گذشتہ 10 سال کی حکمرانی کے دوران نظر انداز کردیا تھا ۔ سدانند گوڑ ا نے کہا کہ ’’راجیہ سبھا کے ایوان میں پہلے ہی میں بیان دے چکا ہوں ۔ چنانچہ یہ بی جے پی کے ایجنڈہ پر ہے کیونکہ انتخابی منشور میں ہم نے کہا ہے کہ دفعہ 370 میں ترمیم کی ضرورت ہے ‘‘۔ سدا نند گوڑ ا نے پی ٹی آئی کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ ’’اس ضمن میں ہم ایک قدم آگے گئے ہیں۔ میں یہی بات آپ سے کہہ رہا ہوں کہ اس مسئلہ پر مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنا ہوگا اور بعض ایسے علاقے ہیں جہاں اس سے فائدہ ہوگا اُن پر بھی توجہ دی جانی چاہئے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کے کئی فریق ہیں مشاورت کرنا ہوگا ۔جس کے بعد ہی اس پر پیشرفت کی جاسکتی ہے ۔ ’’ہم کوئی ناقص فیصلہ نہیں کرسکتے یا پھر مختلف سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بغیر جلد بازی میں بھی کوئی فیصلہ نہیںکرسکے ۔چنانچہ ہمیں احتیاط و آہستگی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ ہم نے اس ایجنڈہ کو ترک نہیں کیا ہے ‘‘