رام دیو کے فوڈ پارک پراجیکٹ کو اراضی الاٹ کرنے کی ہدایت

لکھنؤ ؍ نئی دہلی۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے آج عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی ’’پتانجلی آیوروید‘‘ کیلئے 6,000 کروڑ روپئے کے فوڈ پارک کے قیام کے عمل میں تیزی پیدا کی جائے جس کے بعد اس کمپنی نے کہا کہ وہ اس پراجیکٹ کے قیام کیلئے اس کے فیصلہ پر نظرثانی کررہی ہے۔ کل پتانجلی نے کہا تھا کہ وہ یمنا ایکسپریس وے کے پاس میگا فوڈ پروسیسنگ پراجیکٹ سے دستبرداری اختیار کررہی ہے کیونکہ ریاستی حکومت اس سلسلے میں تعاون نہیںد کررہی ہے اور اراضی کی منتقلی کیلئے منظوری دینے میں تاخیر کررہی ہے۔ پتانجلی کے ترجمان آر کے تجر والا نے کہا کہ ہم چیف منسٹر کی جانب سے دیئے گئے تیقن کی روشنی میں ہمارے فیصلہ پر نظرثانی کررہے ہیں۔ ہم کو ان کی جانب سے دیئے گئے تیقنات پر بھروسہ ہے۔