رام دیو کے خلاف مظفر نگر میں احتجاج جاری

مظفر نگر 29اپریل ( سیاست ڈاٹ کام)یوگا گرو رام دیو کے ’’ہنی مون اور پیکنک‘‘ جیسے تبصروں کے خلاف ایک سماجی تنظیم نے ایک احتجاجی جلوس نکالا اور رام دیو کا پتہ نظر آتش کیا ۔ رام دیو نے یہ تبصرہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے خلاف کیا تھا۔ درج فہرس تذاتوں اور درج فہرست قبائل کے حقوق کی محافظ مہا سنگھ نے ایک احتجاجی جلوس نکالا اور کلکٹر کے دفتر کے قریب ان کا پتہ نذر آتش کیا ۔ گروپ نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر کے توسط سے صدر جمہوریہ کو بھی ایک یادداشت پیش کی ۔ تنظیم نے رام دیو کے تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے ان سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ۔ مقامی کانگریس پارٹی نے بھی ان کے بیان پر تنقید کی۔متصلہ ضلع شاملی کی کانگریس کے معتمد اوم پرکاش شرما نے کل ایک اجلاس میں کہا کہ رام دیو کا تبصرہ دلت طبقہ کی توہین ہے ۔ پارٹی کارکنوں نے ریاستی حکومت سے رام دیو کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ گذشتہ ہفتہ لکھنو میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے رام دیو نے کہا تھا کہ راہول گاندھی دلتوں کے مکان کو ہنی مون اور پیکنک منانے جاتے ہیں۔ کافی برہمی کے اظہار پر انہوں نے بعد میں کہا تھا کہ ان کے تبصرہ کے مسخ کیا گیا ہے اور غلط تاویل کر کے پیش کیاگیا ہے ۔