رام دیو اور روی شنکر کا ’ پدم ‘ ایوارڈس قبول کرنے سے انکار

نئی دہلی / بنگلور ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : یوگا گرو رام دیو اور مذہبی رہنما سری روی شنکر نے پدم ایوارڈس قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ مرکزی حکومت 66 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ان دونوں کو ایوارڈ دینے کے بارے میں غور کررہی تھی ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو موسومہ مکتوب میں رام دیو نے میڈیا اطلاعات کا حوالہ دیا جس کے مطابق حکومت انہیں پدم و بھوشن ایوارڈ کے لیے غور کررہی ہے ۔ یہ دوسرا سب سے باوقار سیول ایوارڈ ہے ۔ رام دیو نے کہا ان کا یہ احساس ہے کہ ریاضت میں مصروف رہنے والے کو ایوارڈ یا اعزاز قبول کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے کسی اور مستحق شخص کا اس ایوارڈ کے لیے انتخاب عمل میں لانے کی خواہش کی ۔ سری روی شنکر نے ٹوئٹر پر اپنے فیصلہ سے مطلع کراتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سنگھ جی نے انہیں پدم ایوارڈ کے بارے میں واقف کرایا ۔ ان کے نام پر غور کے لیے وہ حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ ان کی بجائے وہ کسی اور کو یہ ایوارڈ دئیے جانے پر خوش ہوں گے ۔۔