نئی دہلی ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) رام جنم بھومی تحریک میں سرگرم حصہ لینے والے بی جے پی لیڈر یوگی اویدیاناتھ کی یاد میں حکومت یادگار ڈاک ٹکٹ جاری کرے گی۔ چند دن قبل حکومت نے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی ٹکٹس کا سلسلہ روک دیا تھا جس پر تنازعہ جاری ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی ادتیہ ناتھ نے بتایا کہ وزیر مواصلات روی شنکر پرشاد یکم اکتوبر کو گورکھپور میں مہنت اویدیا ناتھ یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کریں گے۔ واضح رہے کہ چند دن قبل حکومت نے سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے ڈاک ٹکٹس روک دینے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ عذر پیش کیا گیا کہ صرف ایک ہی خاندان کو اعزاز نہیں دیا جاسکتا۔ کانگریس نے حکومت کے اس اقدام کو تاریخ کی توہین قرار دیتے ہوئے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے ۔
بردوان دھماکہ ، بنگلہ دیشی شہری گرفتار
نئی دہلی ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)بنگلہ دیش کے ایک شہری کو گزشتہ سال پیش آئے بردوان بم دھماکوں کے سلسلہ میں این آئی اے اور جھارکھنڈ پولیس نے آج گرفتار کرلیا ۔ ملزم کی تاریخ الاسلام عرف صادق کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جو مبینہ طور پر ممنوعہ دہشت گرد گروپ جماعت المجاہدین بنگلہ دیش( جے ایم بی) کا رکن ہے، اسے این آئی اے اور جھارکھنڈ پولیس کے اے ٹی ایس نے ضلع رام گڑھ میں گرفتار کیا ہے ، اس کے سر پر پانچ لاکھ روپئے نقد انعام تھا۔ بتایا جاتاہے کہ وہ جے ایم بی کی فیصلہ ساز باڈی ’’شوریٰ‘‘ کا اہم رکن تھا۔