حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے موجودہ ایم ایل سی مسٹر این رامچندر راؤ ، مسٹر کشن ریڈی ایم ایل اے اور بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر ڈاکٹر لکشمن 2019 انتخابات میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پارلیمانی نشستوں پر مقابلہ کرنے کے خواہاں ہیں ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق این رامچندر راؤ حلقہ پارلیمنٹ ملکاجگیری سے مقابلہ کرنے کے خواہاں ہیں جب کہ مسٹر کشن ریڈی ، ڈاکٹر لکشمن اور مرلیدھر راؤ حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد سے مقابلہ کرنے کے خواہاں ہیں ۔ جہاں سے اب سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ ایم پی ہیں ۔ بی جے پی کے نیشنل جنرل سکریٹری مرلیدھر راؤ بھی سکندرآباد نشست سے مقابلہ کرنے کے خواہاں ہیں ۔ اس دوران ذرائع نے کہا کہ سکندرآباد نشست سے غالباً کشن ریڈی کو پارٹی ٹکٹ حاصل ہوگا ۔ سکندرآباد پارلیمانی نشست سے منتخب ہونے والے موجودہ ایم پی سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کو ہوسکتا ہے کہ پھر پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جائے گا ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت پارلیمانی نشستوں پر دوبارہ مقابلہ کرنے کے لیے موجودہ قائدین کو ٹکٹس دینے کے حق میں نہیں ہے ۔ اور وہ ایم پیز کے لیے نئے چہروں کو لانے پر توجہ دے رہی ہے ۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ بی جے پی انتخابات میں کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی بلکہ اپنے طور پر مقابلہ کرے گی ۔۔