برولا ۔ /23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ تانترک رام پال کے ستلوک آشرم میں لاکرس کھولنے کے بعد یہاں سے بھاری مقدار میں رقم ، اسلحہ ، گولہ بارود ، بلٹ پروف جیکٹس اور کمانڈو ڈریسیس دستیاب ہوئے ۔ /19 نومبر کو گرفتاری کے بعد رامپال کو پہلی مرتبہ آشرم لایا گیا اور ان سے معلومات حاصل کرتے ہوئے لاکرس کھولے گئے ۔ پولیس نے کہا کہ اس نے ثبوت اکٹھا کئے ہیں اور یہاں موجود الماریوں سے تمام اشیاء برآمد کرلئے ہیں ۔ مجسٹریٹ کی موجودگی میں لاکر کھولے گئے ۔ 63 سالہ رامپال نے 12 ایکر کے اس کامپلکس میں ایک گھنٹہ قیام کے دوران ہریانہ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے سوالات کے جوابات دیا ۔ آشرم کی تلاشی کے دوران پولیس کو پوائنٹ 315 بور 4 رائفلس ، 5 پوائنٹ 12 بور گنس اور چند کارتوس برآمد ہوئے ۔ ہریانہ پولیس کے سینئر عہدیداروں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایس این وشسٹ کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور جاریہ تلاشی کے بارے میں واقف کروایا ۔ بلیٹ پروف جیکٹس شہریوں کے استعمال کیلئے نہیں ہے بلکہ یہ خانگی کمانڈوز استعمال کرتے ہیں ۔