رامپال کے آشرم سے اسلحہ کا بھاری ذخیرہ ضبط

چندی گڑھ 21 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہریانہ میں خود ساختہ مذہبی شخصیت رامپال کے ستلوک آشرم سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا گیا ہے ۔ ان میں ہتھیاروں کے علاوہ پٹرول بم ‘ ایسیڈ کے سیرینجس ‘ اور ایک چلی گرینیڈ بھی شامل ہے ۔ یہاں سے رامپال کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تلاشی مہم کے دوران یہاں حیرت انگیز تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ رام پال کے کمرہ سے متصل کمرہ میں حمل کا پتہ چلانے والی پٹی بھی دستیاب ہوئی ہے ۔ پولیس کو ایک خاتون بیہوشی کے عالم میں ایک باتھ روم میں پڑی ہوئی دستیاب ہوئی ہے ۔ اسے ایک دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے جس کی شناخت مدھیہ پردیش میں اشوک نگر کی ساکن بجلیش کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔ پولیس کے بموجب تلاشی مہم ہنوز جاری ہے ۔ آشرم میں تین افراد روپوش تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔ محکمہ پولیس نے کہا کہ پولیس کو وہاں سے تین .32 بور ریلوالورس ‘ 19 ائر گنس ‘ دو ڈبل بور بیارل گنس دو .315 بور رائفلس ‘ 28 کارتوس وغیرہ بھی دستیاب ہوئے ہیں۔ بیشتر ہتھیار خفیہ کمروں میں الماریوں میں بیاگس میں رکھے گئے تھے ۔ رامپال نے بیٹھنے چبوترہ بنایا تھا اور اسکے اندر ہتھیار رکھے گئے تھے تاکہ کسی کو بھی شک نہ ہوسکے ۔