رامناتھ کووند آر ایس ایس پس منظر کے حامل

مسلمانوں و عیسائیوںکو دوسری دنیا کی مخلوق قرار دیا تھا : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔3جولائی ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ این ڈی اے صدارتی امیدوار رامناتھ کووند نے مسلمانوں اور عیسائیوں کو ہندوستان میں دوسری دنیا کی مخلوق قرار دیا ۔ مسلمانوں اور عیسائیوں کو تحفظات فراہم کرنے کی مخالفت کی ۔ کیا ٹی آر ایس اور مجلس ایسے امیدوار کو ووٹ دیں گے ؟۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر اپوزیشن صدارتی امیدوار میرا کمار قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) ‘ محمد علی شبیر ( کونسل ) کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ اُتم کمار نے کہا کہ رامناتھ کووند کا سیاسی پس منظر آر ایس ایس ہے اور وہ فرقہ پرست نظریات کے حامل ہیں جنہوں نے بحیثیت بی جے پی ترجمان رنگناتھ مشرا کمیشن کی جانب سے مسلمانوں کو 10فیصد اور عیسائیوں کو 5فیصد تحفظات کی مخالفت کرکے مسلمانوں اور عیسائیوں کو دوسری دنیا کی مخلوق قرار دیا تھا ۔ ٹی آر ایس ایک طرف مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کررہی ہے ‘دوسری طرف مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کی مخالفت کرنے والے رامناتھ کووند کی تائید کرکے مسلمانوں کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ آر ایس ایس ذہنیت رکھنے والی شخصیت کو ملک کے جلیل القدر عہدہ پر فائز کرنا جمہوریت کی توہین کے مترادف ہے ۔ رام ناتھ کووند کی تائید کے فیصلے پر ٹی آر ایس نظرثانی کرے اور مجلس اپنے موقف کا اظہار کرے ۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل میں اہم رول ادا کرنے والی میرا کمار مجاہد آزادی بابو جگجیون رام کی دختر ہے جو 5 مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئی ۔ مرکز وزیر کے علاوہ اسپیکر لوک سبھا کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں ۔